اسلام آباد، سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ دعا ہے پاکستان میں آئین اور قانون کو عزت ملے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں بحران ہے، مجھے نتیجہ پاکستان اور عوام کی بہتری میں نکلتا دکھائی نہیں دے رہا، دعا ہے نتیجہ پاکستان اور عوام کی بہتری میں نکلے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی تضحیک ہو رہی ہے، ہمیں پاکستان کی عزت صرف ملک کے اندر نہیں باہر بھی چاہیے، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آج ملٹری کورٹس کی وجہ سے ہمارے کیسز کی سماعت سپریم کورٹ میں نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب رہنما تحریک انصاف و سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان پر بنائے گئے تمام کیسز بوگَس ہیں، عمران خان پر مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے۔