شہریوں کو ایندھن استعمال کرنے والی گاڑیوں سے الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل کرنے کے لیے حکومت نے بڑا فیصلہ کرلیا۔
حکومت پاکستان نے شہریوں کو ایندھن استعمال کرنے والی گاڑیوں سے الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل کرنے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینے کے لیے چارجنگ اسٹیشنز پر بجلی کے نرخ میں 45 فیصد کمی کی گئی ہے، جو 71.10 روپے سے کم کرکے 39.70 روپے فی یونٹ کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک موٹر سائیکلوں پر منتقل ہونے سے ایندھن کے خرچ میں 77 فیصد تک کی بچت ہوگی۔ اس کے علاوہ، چارجنگ اسٹیشنز کے لیے اجازت نامے کا حصول آسان بنا دیا گیا ہے، اور ای پورٹل کے ذریعے 15 دن کے اندر اجازت دی جائے گی۔ وزیر توانائی نے مزید کہا کہ اس اقدام سے پاکستان میں ایک نیا کاروباری ماحول پیدا ہوگا اور عوام کو سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
اویس لغاری نے یہ بھی بتایا کہ حکومت نے صنعتی مسائل حل کرنے کے لیے ون ونڈو آپریشن کا آغاز کیا ہے، تاکہ بجلی کے کنکشن اور بلنگ کے مسائل ایک ہی جگہ پر حل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آلودگی کم کرنے اور ایندھن کے امپورٹ بل کو کم کرنے کے لیے الیکٹرک وہیکلز ایک انقلابی قدم ہیں، جس سے نہ صرف ماحول بہتر ہوگا بلکہ ملک کی معیشت پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔