اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تعلیم ہر معاشرے میں بنیادی حق ہے، غریب ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی یقینی بنانا ہوگی۔
خواتین کو تعلیم میں درپیش چیلنجز سے متعلق 2 روزہ عالمی کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شرکا کو عالمی کانفرنس میں شرکت پر خوش آمدید کہتے ہیں، ملالہ یوسفزئی بھی کانفرنس میں شریک ہیں، انہیں خوش آمدید کہتے ہیں، شاہ سلمان، محمد بن سلمان کے کانفرنس میں تعاون پر شکرگزار ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہر معاشرے میں تعلیم کا حصول بنیادی حق ہے، ارفع کریم سب کیلئے ایک مثال ہے، لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی کا چیلنج درپیش ہے، ہمیں خواتین کے حقوق کو یقینی بنانا ہوگا۔
وزیراعظم پاکستان نے اپنی تقریر میں حضرت خدیجہؓ کی تجارت کیلئے کی گئی کوششوں کا حوالہ دیا، شہباز شریف نے شہید بینظیر بھٹو کی خدمات کو بھی سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بے نظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں، مریم نواز شریف پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب ہیں، خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں، لڑکیوں کو آج بھی تعلیم میں مشکلات درپیش ہیں، خواتین کو تعلیم کی فراہمی سے ہی معاشرہ ترقی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی موجودہ وقت میں بڑا چیلنج ہے، لڑکیوں کو فنی تعلیم کے ہنر سے مالا مال کرنا ہوگا، دانش سکول سے تعلیم مکمل کرنیوالی طالبات آج سب کے سامنے روشن مثال ہیں، لڑکیوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے سے معاشرہ مضبوط، ترقی یافتہ ہوگا، طالبات اپنی قابلیت سے عالمی معیشت میں بھرپور کردار ادا کرسکتی ہیں۔