ڈی آئی خان، ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 5 خوارج ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مدی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس میں خوارج کے سرغنہ شفیع اللہ شفیع سمیت پانچ خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔
ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، مارے گئے خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کی بہادری کو سراہا۔