عمران خان سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں لیکن حکومت اپنی بات سے مکر رہی ہے، عمر ایوب

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

راولپنڈی، مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمر ایوب نے کہا کہ ہم عمران خان سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں لیکن حکومت اپنی بات سے مکر رہی ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات کیلئے کوششیں جاری ہیں اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی ہدایت پر فیصل چوہدری نے جیل حکام سے رابطہ کیا ہے۔

latest urdu news

اس متعلق فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ عمر ایوب کی ہدایات پر جیل حکام سے ملاقات کیلئے رابطہ کیا گیا، کوشش ہے کہ مذاکرات کے تیسرے مرحلے سے قبل بانی سے ملاقات ممکن ہو۔

فیصل چوہدری نے کہا کہ جیل حکام کو بتایا آج ملاقات کا دن ہے لہٰذا ملاقات کا بندوبست کیا جائے، جیل حکام نے تاحال مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔

دوسری جانب جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ مذاکرات سے متعلق تین مطالبات ہیں، 9 مئی، 26 نومبر کا جوڈیشل کمیشن اور کارکنان کی رہائی مطالبات میں شامل ہیں۔

عمر ایوب کا کہنا تھا عمران خان سے ملاقات چاہتے ہیں لیکن ملاقات نہیں کرائی گئی، ہمیں بتایا گیا کہ ملاقات کرانا جیل مینوئل میں شامل نہیں، حکومت اپنی بات سے مکر رہی ہے، اگر حکومت واقعی اختیار رکھتی ہے تو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی سے بات نہیں کرائی جا سکی، ہم جو وعدہ کرتے ہیں اُسے عملی جامہ پہنانا چاہیے تاکہ ہم جب اُن سے وعدہ پورا کرنے کا کہیں تو ہماری بات میں زیادہ وزن ہو۔

عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ جب ہم نے تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات کرانے کی کمٹمنٹ دے دی تھی تو پوری کرنی چاہیے تھی، البتہ کمیٹی کا کوئی رکن ملاقات کرانے کے لیے ذمہ دار نہیں ہے۔

latest breaking news in urdu