وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کو جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولیات حاصل ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اس کے بانی چیئرمین عمران خان پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے منسلک لوگ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں اور یہ جماعت اندرونی سازشوں اور پروپیگنڈے پر مبنی سیاست کر رہی ہے۔
رانا ثنااللہ نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو کا حوالہ دیا، جس میں علیمہ خان پی ٹی آئی سوشل میڈیا آپریٹر احسن خان سے گفتگو کر رہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان کے جیل میں مظالم کے حوالے سے جھوٹا بیانیہ تشکیل دیا جا رہا تھا تاکہ عوام کو گمراہ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علیمہ خان نے خود تسلیم کیا کہ عمران خان کے جیل میں رہنے سے سیاسی فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔
رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ عمران خان کو جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور حکومت ماضی میں بھی ان کے جھوٹے دعوؤں کی تردید کرتی رہی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو اندرونی اختلافات اور دوسروں کے خلاف سازشوں میں ملوث قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی جماعت سے عوام کیا توقع رکھ سکتی ہے جو خود اپنے لوگوں سے لڑ رہی ہو۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پروپیگنڈے کی بنیاد پر مقبولیت حاصل کی، لیکن یہی پروپیگنڈہ اب ان کی جماعت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے۔
رانا ثنااللہ نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے ملک کو درپیش بڑی مشکلات پر قابو پا لیا ہے اور معاشی بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے، جبکہ پی ٹی آئی کا مقصد ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے تاکہ ترقی کے عمل کو روکا جا سکے۔ انہوں نے عمران خان کی رہائی کے لیے کسی دباؤ کے امکان کو بھی مسترد کیا اور کہا کہ ان کے زبانی بیانات کے علاوہ کوئی حقیقی دباؤ موجود نہیں ہے۔
پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت نے ہر ممکنہ کوشش کی اور وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی میں اتحادیوں کو شامل کیا، لیکن پی ٹی آئی کی جانب سے کسی مثبت پیش رفت کا فقدان رہا۔