ملکی معاشی ترقی کیلئے سب کیساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں: وزیراعظم شہباز شریف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعظم شہباز شریف کہتے ہیں حکومت معاشی ترقی کیلئے سب کے ساتھ مل کر بیٹھنے کو تیار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑی ہو رہی ہے اور معاشی ترقی کے لیے وہ سب کے ساتھ مل بیٹھنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان نے دنیا کی دوسری بہترین کارکردگی کی حامل سٹاک ایکسچینج کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

latest urdu news

وزیراعظم نے سٹاک ایکسچینج کی بہترین کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اللہ کی مہربانی اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی استحکام آیا ہے اور پاکستان کی معیشت دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑی ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ہدف معاشی نمو ہے اور اس کے لیے بہترین ٹیم ورک اور محنت کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے شرح سود کے حوالے سے کہا کہ اب یہ 13 فیصد ہے اور ان کی خواہش ہے کہ یہ 6 فیصد تک آجائے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان کے اڑان پروگرام سے ملک کو معاشی ترقی اور سماجی خوشحالی ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت میں مزید بہتری کے لیے تجربہ کار معیشت دانوں کی رہنمائی ضروری ہے اور حقیقت پر مبنی اعداد و شمار کی بنیاد پر کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

کراچی کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ شہر روشنیوں کا شہر ہے، اور ایک وقت تھا جب اس کی رونقیں ختم ہو چکی تھیں لیکن امن کی بحالی کے بعد اب یہ شہر ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے سرمایہ کاروں کا کردار اہم ہے، اور بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں صنعتیں لگانے کے لیے تیار ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس ٹریلین ڈالرز کے معدنی ذخائر مدفن ہیں، اور آگے بڑھنے کے لیے خود احتسابی ضروری ہے۔ انہوں نے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو شفاف بنانے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا۔

وزیراعظم نے آخر میں کہا کہ آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری ہماری ذمہ داری ہے اور وقت آنے پر ہم آئی ایم ایف کو خیرباد کہیں گے۔

latest breaking news in urdu

شیئر کریں:
frontpage hit counter