پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار میں سست روی کے معاملے پر تحقیقات مکمل کرکے ٹیلی کام آپریٹرز کے نیٹ ورکس کے مسائل کی تفصیلات سمیت مکمل رپورٹ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کو ارسال کر دی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کے معاملے پر تحقیقات مکمل کرکے اپنی رپورٹ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کو ارسال کر دی ہے۔ رپورٹ میں انٹرنیٹ کی سست روی کے پیچھے ٹیلی کام آپریٹرز کے نیٹ ورکس کے مسائل کو واضح کیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کے ذرائع کے مطابق، ایک ٹیلی کام کمپنی کو سوشل میڈیا اور ویب براؤزنگ میں رکاوٹوں کا سامنا رہا، جبکہ ایکس (پہلے ٹوئٹر) پر بلاکنگ کے مسائل بھی رپورٹ کیے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ ایک آپریٹر نے بڑی ایپلیکیشنز پر ڈیٹا ٹریفک میں کمی کی شکایت کی، جبکہ فکسڈ لائن آپریٹرز نے بھی انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کے دوران مختلف مسائل کی نشاندہی کی ہے۔
پی ٹی اے حکام نے رپورٹ میں بتایا کہ وی پی این کے بڑھتے ہوئے استعمال نے بینڈوتھ پر اضافی بوجھ ڈال دیا ہے، جس کی وجہ سے انٹرنیٹ طلب کو پورا کرنے کے لیے بینڈوتھ میں اضافے کی ضرورت ہے۔
رپورٹ میں ٹک ٹاک، وٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام جیسی ایپلیکیشنز کی سروسز متاثر ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ویڈیو اسٹریمنگ، کالز، اور ویب براوٴزنگ میں بھی سست رفتاری کی شکایات سامنے آئی ہیں، جنہیں حل کرنے کے لیے مناسب اقدامات کیے جانے کی ضرورت ہے۔