پشاور، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تحریک انصاف اور وفاقی حکومت کے ہونیوالے مذاکرات میں کچھ نظر نہیں آرہا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران گورنر پختونخوا نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے نمائندوں پر شیلنگ کی مذمت کرتا ہوں، ناظمین کا کنونشن گورنر ہاؤس میں ہوگا۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ مذاکرات ہی تمام مسائل کا حل ہیں مگر تحریک انصاف اور وفاقی حکومت کے مذاکرات میں کچھ نظر نہیں آرہا، پی ٹی آئی کو این آر او تو ملنے والا نہیں ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہمارے وزیراعلیٰ پر ایک اور سی ایم کا پریشر ہے وہ بھی یہاں آکر بیٹھ گئی ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ گورنر راج ایسے نہیں لگایا جاسکتا، صوبائی حکومت بنوں، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک جاکر حالات ٹھیک کرے۔
دوسری جانب سربراہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ ملک میں آئین کو بحال اور چوری مینڈیٹ واپس کیا جائے۔
سربراہ ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصرعباس کے ساتھ محمود خان اچکزئی کا میڈیا سےگفتگو کے دوران یہ کہنا تھا کہ حکمرانوں کو پاکستان کے حالات کا اندازہ نہیں، کئی معاملات پر تمام اداروں کی گول میز کانفرنس بلائی جائے۔