اسلام آباد، وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا سر کچلے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا، دہشت گردی کے ناسور کو کچلنے کے لیے سب کو اکٹھا ہونا ہوگا اور ایک پیج پر آنا ہوگا۔
ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ ذاتی پسند اور نا پسند سے بالاتر ہو کر فیصلے کریں گے تو کامیابی ملے گی، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز روزانہ کی بنیاد پر شہادتیں دے رہی ہیں۔
وزیراعظم پاکستان نے پارا چنار امن معاہدے پر تمام فریقوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پارہ چنار میں جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، ایسا دلخراش واقعہ قیامت تک نہیں ہونا چاہیے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام سیاسی استحکام سے جڑا ہوا ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے دن رات کام ہو رہا ہے، بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے، میکرو اکنامک انڈیکیٹر بہتر ہوئے ہیں، مہنگائی 2018 کے بعد 4.1 فیصد پر آئی ہے۔
5 مہینے میں ترسیلات زر میں 34 فیصد اضافہ ہوا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر ساڑھے 12 ارب ڈالر پر پہنچ گئے ہیں، اسٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، یہ سب کامیابیاں ٹیم منیجمنٹ کی وجہ سے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ساڑھے 9 ماہ میں حکومت کو بیرونی و اندرونی خلفشار کا سامنا کرنا پڑا، باہمی تعاون اور اجتماعی کاوشوں سے چیلنجز کا مقابلہ کیا، سینٹرل ایشیا کی ریاستوں سے ہمارے بہترین تعلقات ہیں، سب چاہتے ہیں پاکستان سے روابط بڑھیں، ایکسپورٹ ہو، سعودی عرب، یو اے ای اور قطر کے ساتھ ایم او یو سائن ہوئے ہیں۔