اسلام آباد، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سفارتی تنہائی ختم ہو گئی جبکہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ممتاز زہرا بلوچ صاحبہ کو فرانس میں پاکستان کا سفیر متعین کیا ہے، اگلے چند روز میں ممتاز زہرا بلوچ فرانس میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گی، اگلے ہفتے سے نئے ترجمان دفتر خارجہ بریفنگ دیا کریں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ 2024 ہمارے لیے اہم سال تھا، الیکشن کے بعد ن لیگ کو عوام نے مینڈیٹ دیا، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف منتخب ہوئے، بہت سے چیلنجز درپیش تھے، پہلے یہ کہا جاتا تھا کہ پاکستان سفارتی تنہائی کا شکار ہے، ہمارے دور میں تمام شعبوں میں کام شروع ہوا۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے پرسوں "اڑان پاکستان” روڈ میپ قوم کے سامنے رکھا، پاکستان کا جون میں 5 سالہ پلان ہوتا ہے، پالیسی ریٹ 22 سے 13 فیصد پر آگیا ہے، مہنگائی 5 فیصد کے اردگرد آچکی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہورہا ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ جی ڈی پی میں مثبت اشاریئے سامنے آئے ہیں، قوم کے ساتھ جو وعدہ کیا تھا اس پر بھی حکومت کوشاں ہے، عوام پر بجلی کا کافی بوجھ تھا اس کی بہت سی وجوہات تھیں، نواز شریف کے دور میں ڈالر 104 روپے کا تھا، ڈالر ریٹ آسمان پر پہنچ گیا، اس کا اثر تکلیف دہ ہوتا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پچھلے سال سے روپے میں بھی استحکام ہے، ایکسپورٹ، آئی ٹی اور دیگر سیکٹرز میں اضافہ ہورہا ہے، وزیراعظم نے پہلے 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کیلئے سکیم دی، پنجاب حکومت نے بھی 200 سے 500 یونٹ والے صارفین کو ریلیف دیا، گرمیوں میں بجلی کی مد میں 57 ارب روپے تک بجلی بلوں میں ریلیف دیا گیا۔