سال نو پر فائرنگ کرنے والوں پر اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔
کراچی پولیس کی جانب سے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سال نو پر فائرنگ کرنے والوں پر اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔
لوگوں کی آگاہی کے لیے شہر کی مختلف مساجد سے اعلانات کیے جارہے ہیں، جس میں لوگوں کو سال نو پر فائرنگ کرنے کے خلاف کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا جارہا ہے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ سڑکوں، گلیوں اور عوامی مقامات پر گشت، پکٹنگ اور اسنیپ چیکنگ کی جائے گی، دوسری جانب سال نو پر فائرنگ کرنیوالوں پر اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔
کراچی میں سال نو کے لیے ٹریفک پلان بھی جاری کردیا گیا ہے، جاری ٹریفک پلان کے تحت اختر کالونی سے براستہ خیابان اتحاد سے سی ویو کا روڈ بند ہوگا، دو تلوار سے عبداللّٰہ شاہ غازی مزار اور مزار سے 26 اسٹریٹ جانے والی سڑک بھی بند ہوگی۔
ٹریفک پلان کے مطابق سی ویو یا اطراف جانیوالے 26 اسٹریٹ سے ہوتے ہوئے جاسکیں گے جبکہ پی آئی ڈی سی چوک سے کلب روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند ہوگا۔