عادل بازئی کی رکنیت بحال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 262 کوئٹہ سے عادل بازئی کی رکنیت بحال کرتے ہوئے ضمنی انتخابات روک دیے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت 21 نومبر کے نوٹیفکیشن کو ختم کر دیا گیا، جس کے بعد عادل بازئی دوبارہ آزاد حیثیت میں رکن قومی اسمبلی ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عادل بازئی کو مسلم لیگ ن کے بجائے آزاد امیدوار تصور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عادل بازئی آزاد حیثیت میں منتخب ہوکر بعد میں مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے اور پھر سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا بیان دیا۔
نواز شریف نے آئینی ترمیم میں پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ نہ دینے پر ان کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے فلور کراسنگ کے جرم میں عادل بازئی کو نااہل قرار دے کر نشست خالی کرنے کا حکم دیا تھا۔
عادل بازئی کے وکیل نے ن لیگ میں شمولیت کے بیان حلفی کو جعلی قرار دیا، جس کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ان کی نااہلی کا نوٹیفکیشن ختم کر دیا گیا۔