اسلام آباد، چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ افغانستان ہمارا بھائی، ادب سے کہتے ہیں دھمکیاں نہ دے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران طاہر اشرفی نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن اہم قدم ہے، ملک بھر میں 18 ہزار سے زائد مدارس کی رجسٹریشن ہوچکی ہے، اگر کسی نے وزارت تعلیم کے ساتھ نہیں جانا وہ نہ جائے۔
طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ وزارت تعلیم سے بھی مدارس کی رجسٹریشن جاری ہے، وزارت تعلیم سے رجسٹریشن کو سب نے تسلیم کیا ہوا ہے، دونوں نقطہ نظر کو اس آرڈیننس میں تسلیم کیا گیا ہے۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل کا کہنا تھا کہ جو وزارت صنعت کے ساتھ جانا چاہتے ہیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں، ہم کل اور آئندہ بھی مدارس کے چوکیدار رہیں گے۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل کا کہنا ہے کہ پارا چنار کے حالات پر پورا ملک پریشان ہے، مسائل کا حل طاقت سے نہیں مذاکرات سے ہوتا ہے، شیعہ، سنی سب پاکستانی ہیں، ہم کوشش کررہے ہیں، اگر ضرورت پڑی تو پارا چنار جانے کے لیے تیار ہیں، ہم سب پاکستانی، آیئے! پاکستان زندہ باد کہتے ہوئے مسئلہ حل کریں۔
طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ کرم کے مسئلے پر تمام مکاتب فکر سے بات کرنے کو تیار ہیں، کے پی حکومت بھی کرم معاملے پر سنجیدگی دکھائے، کرم کا مسئلہ حل ہونا چاہیے، کرم سمیت کسی بھی جگہ غیرقانونی اسلحہ نہیں ہونا چاہیے۔