پشاور، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ عطا تارڑ نے وفاقی حکومت کا وائٹ پیپر کاپی کر کے خیبر پختونخوا کے کھاتے میں ڈال دیا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے عطا تارڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر ہر روز کوئی نہ کوئی ایسی بات کر جاتے ہیں جس سے ان کی نااہلی عیاں ہو جاتی ہیں، کل خیبرپختونخوا کی معیشت پر بات کر کے بڑے بڑے معیشت دانوں کی ہنسی نکال دی۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ عطا تارڑ نے وفاق کا وائٹ پیپر کاپی کر کے خیبر پختونخوا کے کھاتے میں ڈال دیا ہے، خیبرپختونخوا کے قرضے وفاق کے مقابلے میں اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر بھی نہیں، خیبرپختونخوا کا کل قرضہ 725 ارب روپے ہے جبکہ وفاق ہر مہینے اتنا ہی قرض لیتا ہے۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ شہباز شریف کے صرف دو سالہ اقتدار میں پاکستان کا قرضہ 27 ہزار ارب روپے بڑھا، خیبرپختونخوا کا قرض بھی وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے بڑھا ہے۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کے دور حکومت میں روپے کی قدر کم اور فارن کرنسی کی قدر بڑھی ہے، اس وجہ سے تقریباً ساڑھے 3 سو ارب روپے قرضہ بڑھا ہے ورنہ صوبے کا ٹوٹل قرضہ آج 400 ارب روپے ہوتا۔
دوسری جانب فاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ملک کی آزادی اور اس کی خود مختاری کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔