وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ملک کی آزادی اور اس کی خود مختاری کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی طور پر شعور کے ساتھ فیصلے کرنے ہیں، آج ملک ان ہاتھوں میں ہے کہ جو پاکستان کی آزادی اور پاکستان کی خود مختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہی تھی جس نے امریکہ سمیت پوری دنیا کے دباؤ کا سامنا کیا، پاکستان کو ایک ایٹمی طاقت بنایا، ایٹمی طاقت کی بدولت ہم لوگ محفوظ ہیں، مسلم لیگ ن کی حکومت ہی ہے جس نے اس ملک کو مضبوط کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ ٹی وی پر سنتے ہیں کہ جی وہ بڑے امریکہ سے پیغام آرہے ہیں بانی پی ٹی آئی کو چھوڑ دو، دنیا میں کون سا ملک ہے، کون سی جمہوریت ہے جو ملکی فوج کی چھاؤنیوں پر حملہ کرے، امریکہ میں جن لوگوں نے پینٹاگون پر حملہ کیا تھا انکا پیچھا کرنے کے لئے اربوں کھربوں ڈالر کی جنگ لڑی گئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ نے اپنے دشمن کے پیچھے افغانستان تک آکے جنگ لڑی لیکن ان کو معافی نہیں دی، کیا امریکہ میں جمہوریت نہیں ہے، برطانیہ میں جمہوریت ہے، اگر کوئی برطانیہ کے فوجی اڈے پر حملہ کرے گا تو مجھے بتاؤ کیا برطانیہ انہیں معاف کرے گا، جرمنی یا فرانس کی فوجی چھاؤنی پر اگر کوئی حملہ کرے گا تو کیا جرمنی اور فرانس انہیں معاف کرے گا۔