کرم، فتنہ الخوارج کی افغان طالبان کی پوسٹوں کا استعمال کر کے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ سیکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ 20 سے 25 خوارجیوں نے کرم، شمالی وزیرستان سے دراندازی کی کوشش کی۔
سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی میں فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی، آج صبح خوارجیوں نے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی تھی۔
خوارج اور افغان طالبان نے مل کر پاکستانی چوکیوں پر بلا اشتعال بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی جس کا سیکیورٹی فورسز نے منہ توڑ جواب دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ افغانستان کی طرف بھاری نقصانات کی مصدقہ ابتدائی اطلاعات ہیں۔
مؤثر جوابی کارروائی میں 15 سے زیادہ خوارج اور افغان طالبان کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔
اسکے علاوہ مؤثر جوابی کارروائی اور گولہ باری سے افغان طالبان 6 چوکیاں چھوڑ کر بھاگ گئے، افغانستان کی سائیڈ پر نقصانات مزید بڑھنے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا صرف 3 زخمیوں کی اطلاع ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے افغانستان کی عبوری حکومت سے فتنہ الخوارج کو اپنی سر زمین نہ استعمال کرنے کا بارہا کہا ہے، بجائے فتنہ الخوارج کو کنٹرول کرنے اور ان دہشت گرد عناصر کی سرکوبی کرنے کے، افغان طالبان فتنہ الخوارج کی مسلسل معاونت کر رہے ہیں۔
فتنہ الخوارج افغانستان میں پوری آزادی کے ساتھ موجود ہیں اور پاکستان مخالف دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لئے افغان سر زمین کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔