پشاور، صوبائی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر جیلوں میں سکیورٹی کو بہتر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
دستاویز کے مطابق صوبائی محکمہ داخلہ نے صوبائی حکومت سے فنڈز جاری کرنے کی درخواست کردی، جیلوں میں سی سی ٹی وی کیمرے، موبائل جیمرز، کمیونیکیشن سسٹم نصب کیے جائیں گے۔
محکہ انتظامیہ کے مطابق صوبے کی جیلوں میں جیمرز لگانے کے لیے ایک ارب 30 کروڑ روپے درکار ہیں، سی سی ٹی وی کیمروں کے لیے 1 ارب 37 کروڑ، کمیونیکیشن سسٹم کے لیے 8 کروڑ 50 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں۔
دستاویز میں یہ کہا گیا ہے کہ جیلوں میں جدید سہولیات کی فراہمی مرحلہ وار کی جائے گی، پہلے مرحلے میں صرف 5 جیلوں کو جدید آلات سے لیس کیا جائے گا، مردان، ہری پور، ڈی آئی خان اور بنوں کی جیلوں میں جدید ٹیکنالوجی نصب ہوگی۔
سرکاری دستاویز کے مطابق 5 جیلوں میں جدید ٹیکنالوجی کی تنصیب پر 1329 ملین روپے خرچ کیے جائیں گے، موجودہ صورت حال میں جیلوں کو جدید آلات سے لیس کرنا وقت کی ضرورت ہے۔