لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جنوری میں منیارٹیز کارڈ لانچ کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کے سب سے بڑے چرچ، "ہاؤس آف پرئیر”، میں کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقلیتی برادری کے لیے تاریخی "منیارٹی کارڈ” کے اجرا کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارڈ 2025 کے اوائل میں لانچ کیا جائے گا، جس کے تحت نادار اقلیتی بہن بھائیوں کو ہر تین ماہ بعد مالی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے۔
انہوں نے اقلیتی برادری کے ساتھ اپنی محبت اور عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے، اور میرے دل میں مذہب کی بنیاد پر کسی قسم کی تفریق نہیں ہے۔” مریم نواز نے مزید کہا کہ اقلیتی برادری کے لیے بجٹ میں 200 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، اور ان کی کوشش ہے کہ اس بجٹ کو مزید بڑھایا جائے کیونکہ یہ کسی پر احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ اقلیتی برادری پنجاب حکومت کے ہر پراجیکٹ میں برابر کی شریک ہوگی اور ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔ کرسمس کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لیے وہ 10,000 کیک بھی لائیں، جو ان کی محبت اور یکجہتی کا ایک چھوٹا سا تحفہ ہے۔
مریم نواز نے اپنے والد محمد نواز شریف کا پیغام بھی پہنچایا، جس میں انہوں نے اقلیتی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ "اقلیتیں ہم سے بھی زیادہ پاکستانی ہیں۔”
کرسمس کی خوشیوں میں وزیراعلیٰ کی شمولیت نے اقلیتی برادری کے لیے یکجہتی اور تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط کر دیا۔