سندھ حکومت محکمہ کھیل کے تحت کراچی ڈنکی کارٹ ریس کا انعقاد ہوا، سرتاج نامی گدھے نے مسلسل دوسری بار ریس جیت لی۔
کراچی میں سندھ حکومت کے محکمہ کھیل کے تحت کراچی ڈنکی کارٹ ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں سرتاج نامی گدھے نے مسلسل دوسری بار ریس جیت کر ایک لاکھ روپے انعام حاصل کیا۔ ریس کا آغاز آئی سی آئی ٹاور، مائی کلاچی روڈ سے ہوا اور لیاقت آباد کے رہائشی عارف کا گدھا سرتاج پہلے نمبر پر آیا۔
اس ریس میں بجلی نامی گدھے کے سوار طارق نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ کالا گدھے کے سوار ذاکر نے تیسری پوزیشن اور چائے پتی کے سوار اصغر نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والے سواروں کو بالترتیب 75 ہزار اور 50 ہزار روپے انعام دیے گئے، جبکہ اگلی پوزیشنز پانے والے چار سواروں کو 25، 25 ہزار روپے بطور انعام ملے۔
اس تقریب میں سیکریٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری نے مہمان خصوصی کے طور پر انعامات اور شیلڈز تقسیم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت گدھا گاڑی ریس میں حصہ لینے والے مالکان کی رجسٹریشن کرے گی تاکہ انہیں مالی اور انتظامی مدد فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گدھا گاڑی ریس کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ جانوروں کی بہبود کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔ سندھ میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے لیے بہترین مواقع فراہم کیے جائیں گے۔