صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے قائد اعظم محمد علی جناح کو یوم ولادت پر زبر دست خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
آج پاکستان بھر میں بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 148واں یومِ پیدائش جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قائداعظم کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اپنے پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آج کا دن قائداعظم کی بصیرت، غیرمتزلزل عزم اور انتھک جدوجہد کی یاد تازہ کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم ایک جمہوری اور خود کفیل پاکستان کا وژن رکھتے تھے اور انہوں نے وہ کارنامہ انجام دیا جسے لوگ ناممکن سمجھتے تھے۔ صدر زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان نے مختلف شعبوں میں قابلِ ذکر ترقی کی ہے، تاہم قانون کی حکمرانی اور قائداعظم کے اصولوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم کی انتھک محنت کی بدولت پاکستان کا قیام ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں سے اپنی وابستگی کو دہرائے جانے کا دن ہے۔ وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قائد کے وژن پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں۔
اس موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں قائداعظم کی زندگی، جدوجہد اور قیامِ پاکستان کے لیے ان کی قربانیوں پر روشنی ڈالی جا رہی ہے۔