اسلام آباد، وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایٹمی پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکی پابندیوں کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے پاکستان کے جوہری پروگرام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کا دفاعی نظام جارحیت کے لیے نہیں بلکہ اپنے دفاع کے لیے ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نیشنل ڈیفنس کمپلیکس اور دیگر اداروں پر پابندیاں ناقابل قبول ہیں، اور پاکستان کے خلاف مذموم سازشیں کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کا جوہری پروگرام 24 کروڑ عوام کے دلوں سے زیادہ عزیز ہے، اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پوری قوم اپنے جوہری پروگرام کے لیے یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے اپوزیشن سے مذاکرات کے آغاز کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سپیکر کی تجویز پر ایک مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، اور پی ٹی آئی سے پہلی ملاقات بھی ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا مقصد ذاتی مفادات کو قومی مفادات کے تابع کرنا اور ملک کے لیے بہترین فیصلے کرنا ہے۔
وزیر اعظم نے حالیہ مہینوں میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی سلامتی اور معاشی ترقی کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
کابینہ ارکان نے مذاکراتی عمل کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی پر وزیر اعظم سے اظہارِ تشکر کیا اور اپوزیشن کے مثبت کردار کو ملکی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔ کابینہ نے قومی سلامتی کے تحفظ اور ملکی مفاد کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا۔