پشاور، خیبر پختونخوا یونیورسٹیز ترمیمی بل پر گورنر فیصل کریم کنڈی کی جانب سے اعتراض لگا کر واپس کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا یونیورسٹیز ترمیمی بل میں تکنیکی غلطیاں تھیں، جس کو بنیاد بنا کر گورنر فیصل کریم کنڈی نے بل واپس اسمبلی بھیج دیا۔
غلطیوں کی نشاندہی کے بعد یونیورسٹیز ترمیمی بل اسمبلی سیکریٹریٹ کو موصول ہوا۔
یونیورسٹی ترمیمی بل میں گورنر سے چانسلرشپ کا عہدہ لے کر وزیر اعلیٰ کو سونپ دیا گیا۔
یاد رہے کہ یونیورسٹیز ترمیمی بل 6 دسمبر کو خیبرپختونخوا اسمبلی سے پاس ہوا تھا۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کا مل کر بیٹھنا ہی جمہوریت کو مضبوط بنائے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے حکومتی کمیٹی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا عمل نیک شگون ہے اور مذاکرات کا عمل جمہوریت کا حسن ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کا مل کر بیٹھنا ہی جمہوریت کو مضبوط بنائے گا اور جمہوریت میں مذکرات ہی سیاسی مسائل کا واحد حل ہیں۔