اسلام آباد، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کا مل کر بیٹھنا ہی جمہوریت کو مضبوط بنائے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے حکومتی کمیٹی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا عمل نیک شگون ہے اور مذاکرات کا عمل جمہوریت کا حسن ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کا مل کر بیٹھنا ہی جمہوریت کو مضبوط بنائے گا اور جمہوریت میں مذکرات ہی سیاسی مسائل کا واحد حل ہیں۔
ایاز صادق کا کہنا ہے کہ عوام کو پارلیمان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور ہم نے عوام کے مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔ مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ملکی معاشی ترقی سیاسی استحکام سے مشروط ہے اور موجودہ صورتحال سیاسی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا تقاضا کرتی ہے۔
دوسری جانب رہنما پی ٹی آئی اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کی بات بے بنیاد ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور صوبائی معاملات اچھے طریقے سے سنبھال رہے ہیں، پارٹی میں کسی قسم کے اختلافات نہیں ہیں۔