45
لاہور، محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے مسیحی قیدیوں کیلئے صوبہ بھر کی جیلوں میں کرسمس کی تقریبات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات کو مسیحی قیدیوں کیلئے کرسمس تقریبات کے انعقاد کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
مسیحی قیدیوں کیلئے تمام جیلوں میں خصوصی کرسمس تقاریب ہوں گی، پنجاب بھر کی جیلوں میں کرسمس کے موقع پر کیک کاٹے جائیں گے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا ہے کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی قیدیوں کی اہل خانہ سے خصوصی ملاقات کا اہتمام ہوگا، تمام مسیحی قیدیوں کو کرسمس کے موقع پر گھر کے کھانے کی بھی اجازت ہوگی، جیل حکام کی جانب سے بھی کرسمس پر خصوصی کھانا پیش کیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری داخلہ نے مذہبی جذبات کی تکریم کیلئے مسیحی قیدیوں کو تحائف پیش کرنے اور تمام جیل سپرنٹنڈنٹس کو احکامات پر من و عن عمل کی ہدایت کی ہے۔