واشنگٹن، امریکا کے نائب مشیر برائے قومی سلامتی جان فائنر کا کہنا ہے کہ پاکستان ایسے بیلسٹک میزائل تیار کر رہا ہے جو نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ امریکا جیسے دور دراز اہداف کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک تقریب میں خطاب کے دوران جان فائنر کا کہنا ہے کہ پاکستان جوہری ہتھیاروں سے لیس طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تیار کر رہا ہے، جو اسے جنوبی ایشیا سے باہر کے اہداف کو نشانہ بنانے کے قابل بنا سکتے ہیں۔
جان فائنر نے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے بارے میں کہا کہ اس کے حالیہ اقدامات اس کے مقصد پر سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں۔
مشیر برائے قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ اگر ان اقدامات پر کھل کر بات کی جائے تو پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو امریکا کے لیے ایک ابھرتے ہوئے خطرے کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کی غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رہی، 24 گھنٹے میں مزید 40 فلسطینی شہید اور 203 زخمی ہوگئے۔ خان یونس میں اسرائیلی بمباری سے 14 فلسطینی بچے اور خواتین شہید ہوگئے۔
جبالیہ میں اسرائیلی حملے سے 10 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے، جنگ میں شہداء کی مجموعی تعداد 45 ہزار سے تجاوز کر گئی، زخمی فلسطینیوں کی تعداد 1 لاکھ سے بڑھ گئی۔