40
کراچی کے مختلف علاقوں میں 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک حادثات میں بچے سمیت 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ بھینس کالونی میں ایک بچہ ٹرک کی ٹکر سے جاں بجق ہوا، آئی سی آئی پل پر ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص جاں بحق ہوا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ منگھوپیر نادرن بائی پاس پر ٹرک اور گاڑی کی ٹکر سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ بلدیہ حب ریور روڈ پر بھی ڈمپر کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔
واضح رہے کہ 11 دسمبر کو ایک پریس کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے بتایا تھا کہ کراچی میں رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں 479 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کے مطابق روز شہری مارے جا رہے ہیں، مختلف ٹریفک حادثات میں رواں سال 479 افراد جان سے گئے، رواں سال حادثات میں 401 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ گزشتہ دنوں سے ان حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔