اسلام آباد، صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے ملک سے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں صدر آصف زرداری نے خیبر پختونخوا میں 3 مختلف کارروائیوں کے دوران 11 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
آصف زرداری نے پاکستان سے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کیلئے کاروائیاں کر رہی ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
یاد رہے کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبرپختونخوا کے 3 مختلف اضلاع میں 18،17 دسمبر کی رات کارروائیاں کرتے ہوئے 11 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک میں سیاسی استحکام اور ترقی کے لیے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے مثبت سوچ کے تحت مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی، تاکہ مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔