28
وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر مصر روانہ ہوگئے۔ وزیراعظم قاہرہ میں منعقد ہونے والے ڈی 8 ممالک کے 11 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں اہم عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ڈی 8 سربراہی اجلاس کا تھیم "نوجوانوں پر سرمایہ کاری اور ایس ایم ایز (چھوٹے اور درمیانے کاروبار) کی حمایت” ہے۔ وزیراعظم اس موقع پر ڈی 8 کے نظریات اور مقاصد کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کریں گے۔ وہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، اور مالیاتی ترقی کے لیے پاکستان کی ترجیحات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف ڈی 8 کے خصوصی اجلاس برائے انسانی بحران میں بھی شریک ہوں گے، جہاں وہ فلسطین کی صورتحال پر پاکستان کا اصولی موقف پیش کریں گے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی 18 دسمبر کو ڈی 8 وزراء کونسل کے 21 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔
یہ دورہ پاکستان کے عالمی تعلقات کو مستحکم کرنے اور بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی موجودگی کو مضبوط کرنے کا اہم موقع ہے۔