لاہور، مرکزی رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ ملک میں ہمیں ایک دوسرے کا نقطہ نظر سمجھنے کی ضرورت ہے۔
پنجاب یونیورسٹی لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا سکتے ہیں، مسلم امہ صدیوں سے محکوم ہے، ہمیں جاگنا ہوگا۔
رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہمیں اگلے جہاں کے احتسابی عمل کے لیے خود کو تیار کرنا ہے، ہمیں اپنے درمیان حائل نفرت کی دیواریں ختم کرنی ہیں، ہمیں سراب دکھانے والوں کی تقلید کرنے سے بچنا ہوگا، بدقسمتی سے ملک نے بہت سے مارشل لاء دیکھے۔
سابقہ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک جماعتی نظام لانے کی کوشش بھی کی گئی، پاکستان کو ایک جمہوری ملک بنایا گیا تھا، ریاست جمہوریت کے مطابق ہی چلانی ہے۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ ملک میں مدینے کی ریاست بنانے کا دعویٰ کرنے والے بھی آئے تھے، ہمیں ایک دوسرے کا نکتہ نظر سمجھنے کی ضرورت ہے، ہم اپنا نظریہ دوسرے پر تھوپ نہیں سکتے، ملک ایک دوسرے کو برداشت کرنے سے چلتے ہیں عدم برداشت سے نہیں۔