پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، افسوس ناک امر یہ ہے کہ گجرات میں ہمارے اربوں روپے کے منصوبوں کو محض اپنی سیاست کے لیے انتقام کی بھینٹ چڑھایا گیا۔
لاہور میں گجرات کے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات کے دوران چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ افرا تفری کے ماحول میں عجلت میں کیے گئے فیصلے کبھی بھی کامیاب نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے گجرات کی عوام کے ساتھ ملکر مشکل وقت میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونے کا فیصلہ کیا اور اپنے فیصلوں پر ڈٹ کر کھڑے رہے۔
انہوں نے کہا کہ گجرات میں ہمارے اربوں روپے کے فلاحی پراجیکٹس کو انتقامی سیاست کی بھینٹ چڑھایا گیا۔
پرویزالٰہی نے کہا کہ سیورج منصوبہ، سروس موڑ اوور ہیڈ بریج، ایکسپریس ہائی وے اور ڈنگہ سماں روڈ جیسے میگا پراجیکٹ کو روک کر گجرات کا بڑا نقصان کیا گیا۔
سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مینڈیٹ چوری کرنے والوں نے ہمارے ترقیاتی منصوبوں پر اپنی تختیاں لگانے کے سوا کچھ نہیں کیا۔
گجرات میں ہمارے ساتھیوں کو بری طرح انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا گیا جس کی بھر پور مزمت کرتے ہیں۔