رہنما جے یو آئی (ف) حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے مولانا فضل الرحمان کیخلاف علماء کو بٹھایا۔
حافظ حمد اللہ نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران کہا کہ علماء میں کوئی تقسیم نہیں، کوئی ہمارے خلاف کھڑا نہیں ہوا بلکہ کھڑے کیے گئے ہیں۔
آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اتحاد مدارس کا اجلاس ہے، ان کا کہنا تھا کہ مدارس رجسٹریشن پر حکومت کے ساتھ 1 ماہ مذاکرات کرتے رہے، 26 ویں آئینی ترمیم اور دینی مدارس رجسٹریشن پر اتفاق ہوا۔
پارلیمنٹ سے بل پاس کرایا گیا، کسی نے شور نہیں مچایا تھا، ان کا کہنا تھا کہ ہماری ناراضی حکومت سے ہے علما سے نہیں، ہم حکومت کی حمایتی جماعتوں سے بھی ناراض ہیں۔
یاد رہے کہ کچھ دن پہلے رہنما جمعیت علمائے اسلام (ف) حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ عطا تارڑ ہمیں آئین، قانون اور پارلیمنٹ کی احترام کا درس نہ دیں۔
سینئر رہنما جے یو آئی (ف) حافظ حمد اللہ نے وفاقی وزیر عطا تارڑ کے بیان پر کہا کہ رکن قومی اسمبلی بیرسٹر عقیل ملک نے تسلیم کیا کہ ایوان صدر نے مدارس بل پر فیٹف کا ذکر کیا مگر وفاقی وزیر عطا تارڑ کہتے ہیں کہ فیٹیف کا ذکر نہیں کیا۔