جہلم، وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر کا چھاپہ، سرکاری اور جعلی ادویات برآمد۔
جہلم کے نواحی علاقے سوہاوہ میانی میں وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر تیس لاکھ روپے سے زائد مالیت کی سرکاری اور جعلی ادویات برآمد کر لیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ ادویات پنڈی کے سرکاری اسپتال سے چوری کی گئی تھیں۔ چھاپے کے دوران جعلی ادویات کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا ہے، جنہیں مزید لیب ٹیسٹ کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ یہ کارروائی وزیر اعلیٰ پنجاب کے واضح احکامات پر عمل میں لائی گئی ہے، جس کا مقصد پنجاب کو جعلی ادویات سے پاک کرنا ہے۔
ملزم عامر کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا اور فوری طور پر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔ وزیر صحت نے واضح کیا کہ ملزم کی نشاندہی پر مزید سپلائرز اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ "اس معاملے میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے گا اور کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔” سی او ہیلتھ جہلم اور ڈی ایس پی سوہاوہ کو تفتیش مزید آگے بڑھانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ "جب تک پنجاب کو جعلی ادویات سے مکمل پاک نہیں کیا جاتا، ان چھاپوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔”
صوبائی وزیر نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔