لاہور، ہائیکورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ہرجانے کے دعوے سے متعلق کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس چودھری محمد اقبال کی جانب سے عمران خان کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیاگیا۔
عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی گواہوں کو تحریری گواہی کی اجازت دینے کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیدی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہائی کورٹ میں شہباز شریف کی جانب سے عمران خان کے خلاف ہرجانے کے دعوے کے کیس میں عمران خان کی ٹرائل کورٹ میں گواہوں کو تحریری گواہی دینے کی اجازت کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ ٹرائل کورٹ نے ہتک عزت کے دعوے میں گواہوں کو تحریری صورت میں گواہی دینے کی اجازت دی ہے، ٹرائل کورٹ کا یہ فیصلہ حقائق کے برعکس ہے، گواہ کمرہ عدالت میں پیش ہو کر گواہی دیں۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے تاہم عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔