مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ کرم گرینڈ جرگہ ختم نہیں ہوا بلکہ فریقین نے مزید مشاورت کیلئے ایک دن کا وقت مانگا ہے۔
ایک انٹرویو میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ ایک دن کا وقفہ بنکرز کے خاتمے، اسلحہ جمع کرنے سے متعلق مشاورت کیلئے کیا، کابینہ کے فیصلے کے مطابق اسلحہ جمع کرانا اور بنکرز کا خاتمہ انتہائی ناگزیر ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جرگہ بے نتیجہ ختم ہونے سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں، امن کو یقینی بنانے کیلئے سوشل میڈیا پر غیر ضروری پروپیگنڈا کرنے سے اجتناب کیا جائے۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے ہیلی کاپٹر میں ضروری ادویات علاقے میں پہنچائی جا رہی ہیں، وزیراعلیٰ کی جانب سے محکمہ خوراک کو 2 ہزار میٹرک ٹن گندم پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے، امید ہے چند دنوں میں مسئلہ ختم ہو کر مستقل امن قائم ہو جائے گا۔
دوسری جانب گورنر پنجاب سلیم حیدر کا کہنا ہے کہ اتحادی حکومت بس چل رہی ہے، اللہ خیر کرے گا۔
گورنر پنجاب سلیم حیدر نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور میرے درمیان کوئی تناؤ نہیں چل رہا، اتحادی حکومت بس چل رہی ہے، اللہ خیر کرے گا۔