مدارس رجسٹریشن کے لیے وقت درکار، دینی مدارس تعلیمی ادارے ہیں صنعت نہیں، ملکی نظام قوائد ضوابط کے تحت چلتے خواہشات پر نہیں، وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک کہتے ہیں رجسٹریشن کا انتہائی آسان ون ونڈو آپریشن موجود ہے۔
اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک کا کہنا ہے کہ دینی مدارس کی رجسٹریشن وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے مدارس انتظامیہ، علماء کرام اور سیاسی رہنماؤں سے مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے مطالبات کو مانتے ہوئے پارلیمان سے متعلقہ بل منظور کروایا گیا، تاہم چند قانونی پیچیدگیوں کے باعث اسے مکمل نافذ کرنے میں وقت درکار ہے۔ چوہدری سالک نے وضاحت کی کہ اس تاخیر کا مطلب یہ نہیں کہ پورا عمل رول بیک ہو رہا ہے۔
مدارس کی رجسٹریشن کو آسان بنانے کے لیے وزارت تعلیم کے تحت ایک جدید ون ونڈو نظام قائم کیا گیا ہے، جس کے تحت 18,000 مدارس پہلے ہی رجسٹرڈ ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مدارس تعلیمی ادارے ہیں، صنعتی ادارے نہیں، اور ان کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو غیر ضروری پیچیدگیوں سے پاک رکھا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے خبردار کیا کہ اگر رجسٹریشن کا عمل دوبارہ سے شروع کیا گیا تو اب تک کی گئی محنت ضائع ہو جائے گی۔ مزید یہ کہ ملکی نظام خواہشات پر نہیں بلکہ اصول و ضوابط کے تحت چلتا ہے۔ انہوں نے مدارس کے لیے موجودہ ون ونڈو آپریشن کو بہترین اور آسان ترین حل قرار دیا۔