ڈپٹی کمشنر گجرات کا بنیادی مرکز صحت ساروکی کا اچانک دورہ، سہولیات، انسداد پولیو مہم، جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی جائزہ، مریضوں کی بہتر دیکھ بھال اور سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہ برتنے کی ہدایت۔
گجرات: ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے بنیادی مرکز صحت ساروکی کا غیر اعلانیہ دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، جاری انسداد پولیو مہم، اور ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں موجود مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے انسداد پولیو مہم میں شامل ٹیموں کی کارکردگی کا معائنہ کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی کہ ہر بچے کو حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مکمل کیا جائے۔
مزید برآں، صفدر حسین ورک نے ہسپتال عملے کی کارکردگی اور ادویات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح طور پر ہدایت دی کہ مریضوں کی دیکھ بھال اور سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے مرکز صحت میں جاری تزئین و آرائش کے منصوبے کا معائنہ کرتے ہوئے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو بہتر سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ ان کے اس دورے سے انتظامیہ کی کارکردگی میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔