ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے ممتاز سپر اسٹار الو ارجن کو پولیس نے بھگدڑ کے کیس میں گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ رواں ماہ 4 دسمبر کو حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں الو ارجن کی بلاک بسٹر فلم ’پشپا 2 ‘ کے پریمیئر میں بھگدڑ مچنے سے ایک خاتون ہلاک ہوئی تھی جبکہ خاتون کے 2 بیٹے بھی شدید زخمی ہوئے تھے جن کی حالت تشویشناک ہے۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اداکار الو ارجن کو سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ مچنے کے معاملے پر تلنگانہ پولیس نے گرفتار کیا ہے، پولیس اہلکار آج صبح الو ارجن کے گھر پہنچے اور انہیں سخت حفاظتی انتظامات کیساتھ اپنی تحویل میں لے کر تھانے چلے گئے۔
بھارتی میڈیا پر الو ارجن کی گرفتاری کے وقت کی تصاویر بھی شیئر کی گئی ہیں۔
الو ارجن سمیت ان کی سکیورٹی ٹیم اور سندھیا تھیٹر کی انتظامیہ کے خلاف قتل و تشدد کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ پولیس کو اس بات کی اطلاع نہیں دی گئی کہ الو ارجن اسکریننگ کے لیے سندھیا تھیٹر آنیوالے تھے جب کہ تھیٹر انتظامیہ اس آمد سے آگاہ تھی۔
مقدمے کے مطابق اگر پولیس کو علم ہوتا تو مزید سکیورٹی تعینات کی جاسکتی تھی، تھیٹر میں پہنچنے والے بڑے ہجوم اور سکیورٹی کی کمی کے باعث بھگدڑ مچ گئی۔