سعودی عرب کو 2034 کے فیفا فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی مل گئی۔
فیڈریشن انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن (فیفا) نے اعلان کیا ہے کہ 2034 کا فٹبال ورلڈ کپ سعودی عرب میں منعقد ہوگا۔ میزبانی کی دوڑ میں سعودی عرب واحد امیدوار تھا، جسے فیفا کے 200 سے زائد رکن فیڈریشنز کی جانب سے بھرپور حمایت ملی۔ قطر کے بعد سعودی عرب فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والا مشرق وسطیٰ کا دوسرا ملک ہوگا، جو خطے کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔
فیفا نے 2030 اور 2034 کے فٹبال ورلڈ کپ کے میزبان ممالک کا بھی اعلان کیا ہے۔ 2030 کا ورلڈ کپ مراکش، اسپین، اور پرتگال کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوگا، جبکہ جنوبی امریکی ممالک ارجنٹائن، یوروگوئے، اور پیراگوئے کو اس ایونٹ کے صد سالہ جشن کے موقع پر ایک ایک میچ کی میزبانی دی گئی ہے۔
قطر میں ہونے والے 2022 ورلڈ کپ کی شاندار میزبانی کے بعد سعودی عرب کی بولی کو زیورخ میں فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو کی زیرِ صدارت آن لائن اجلاس میں زبردست پذیرائی ملی۔ 2034 ورلڈ کپ کی میزبانی سعودی عرب کے لیے نہ صرف کھیلوں کے میدان میں ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ اس سے ملک کو عالمی سطح پر اپنی ثقافت اور ترقی کا مظاہرہ کرنے کا موقع بھی ملے گا۔
واضح رہے کہ 2022 ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹینا نے فرانس کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر تیسری بار عالمی ٹائٹل جیتا تھا۔ 2034 کا ورلڈ کپ سعودی عرب کی میزبانی میں عالمی فٹبال کے شائقین کے لیے ایک منفرد تجربہ ہوگا۔