کراچی، رواں سال اب تک مختلف ٹریفک حادثات میں 479 افراد جاںبحق ہوچکے ہیں۔
کراچی میں رواں سال اب تک مختلف ٹریفک حادثات میں 479 افراد جاں بحق اور 401 زخمی ہو چکے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے ڈی آئی جی ٹریفک کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ان افسوسناک اعداد و شمار کا انکشاف کیا۔
جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ حادثات کی بڑی وجوہات میں غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ، ترقیاتی کاموں کے باعث ہیوی ٹریفک کی آمدورفت، اور موٹرسائیکل سواروں کی غفلت شامل ہیں۔ تقریباً 57 فیصد حادثات چھوٹی گاڑیوں یا غفلت کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔ موٹرسائیکل سوار ہیلمنٹ اور سائیڈ گلاس کا استعمال نہیں کرتے، جو حادثات کا سبب بنتا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ہیوی ٹریفک کے خلاف چالان کی تعداد بڑھائی جائے گی اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی، جس میں تھانے سے ضمانت ممکن نہیں ہوگی۔ مزید برآں، موٹرسائیکل سواروں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے مہم چلائی جائے گی تاکہ احتیاطی تدابیر کے ذریعے قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔
کراچی پولیس چیف نے زور دیا کہ ان اقدامات کا مقصد ٹریفک حادثات کو کم کرنا اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔