دبئی: قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کو آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی پر نومبر کے پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز دیا ہے۔
حارث رؤف نے آسٹریلیا کے خلاف 3 میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس تاریخی سیریز میں پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر 1-2 سے شکست دی، جس میں حارث رؤف کا کلیدی کردار تھا۔
آئی سی سی نے اس اعزاز کے لیے بھارت کے جسپریت بمراہ اور جنوبی افریقہ کے مارکو جانسن کو بھی نامزد کیا تھا، لیکن حارث کی نومبر میں 18 وکٹوں کی مجموعی کارکردگی نے انہیں سب پر فوقیت دلائی۔
دوسرے ون ڈے میں حارث نے 5 وکٹیں لے کر اپنے کریئر میں دوسری مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا، جبکہ ٹی20 سیریز اور زمبابوے کے خلاف میچوں میں بھی مزید وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی اس تاریخی کامیابی میں حارث رؤف کی غیر معمولی کارکردگی نے قومی ٹیم کو ایک بار پھر عالمی سطح پر مضبوط ٹیم کے طور پر پیش کیا۔