اسلام آباد، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائمقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں پاک امریکا تعلقات سمیت دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی جانب سے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا گیا، کنٹری ڈائریکٹر آئی این ایل لائن نیلسن بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بھی گفتگو ہوئی، نیٹلی بیکر کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ امریکا ایف آئی اے کو ایف بی آئی کی طرز پر جدید خطوط پر استوار کرنے میں تعاون فراہم کرے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایف آئی اے کو ایف بی آئی کی طرز پر جدید ترین ادارہ بنانا چاہتے ہیں، اس ضمن میں امریکا کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔
امریکا نیشنل فرانزک ایجنسی کو جدید تقاضوں کے مطابق فعال کرنے میں بھی مدد فراہم کرے گا، قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں امریکی تعاون انتہائی اہم ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے سول آرمڈ فورسز کو جدید آلات اور ساز و سامان کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے، سول آرمڈ فورسز کو جدید آلات اور ساز و سامان سے لیس کرنا اولین ترجیح ہے، پاکستان اور امریکا کے مابین بہترین تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں۔