وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ مدارس کے طلبا کو دینی تعلیم کے ساتھ تکنیکی تعلیم دینا ضروری ہے تاکہ وہ مختلف شعبوں میں آگے بڑھ سکیں۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اور علماء کے قریب آنے کی ضرورت ہے، مدارس کے طلباء کو دینی تعلیم کے ساتھ تکنیکی تعلیم بھی دی جائے تاکہ وہ مختلف شعبوں میں کردار ادا کر سکیں اور انہیں کالج گریجویٹس کے برابر مواقع ملیں۔
شرکاء نے موجودہ نظام مدارس کو برقرار رکھنے اور ڈی جی آر ای کے نظام کو ختم نہ کرنے کا مطالبہ کیا، کیونکہ لاکھوں طلباء کا مستقبل اس سے وابستہ ہے۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ کسی بھی قانون سازی کے لیے تمام بورڈز کے قائدین سے مشاورت کی جائے اور حکومت کسی دباؤ میں نہ آئے۔
اسلام آباد میں مدارس کی رجسٹریشن اور اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی، وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب نعیمی اور مختلف مسالک کے علماء نے شرکت کی۔