چائے وہ مشروب ہے جس کو پاکستان میں بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے اور بیشتر افراد تو اس کے بغیر زندگی کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔
پاکستانیوں کا پسندیدہ مشروب چائے نہ صرف ذائقے بلکہ روایت کا بھی حصہ ہے۔ مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ چائے میں دودھ شامل کرنے کی روایت کا آغاز برصغیر میں نہیں بلکہ برطانیہ میں ہوا؟
18ویں صدی میں برطانوی شہریوں نے چائے کو فینسی چائنا کپس میں پینا شروع کیا۔ مگر گرم چائے ڈالنے سے ان نازک کپوں میں دراڑیں پڑنے کا خطرہ ہوتا تھا۔ اس مسئلے کا حل دودھ کی صورت میں نکالا گیا۔
کپ میں پہلے ٹھنڈا دودھ ڈال کر چائے انڈیلنے سے نہ صرف کپ محفوظ رہتے تھے بلکہ چائے کی تلخی بھی کم ہوجاتی تھی۔
اس زمانے میں چائے کا استعمال اسٹیٹس سمبل سمجھا جاتا تھا، اور پتی بہت مہنگی ہونے کی وجہ سے دودھ زیادہ، پتی کم استعمال کی جاتی تھی، جس سے دودھ پتی کی روایت پیدا ہوئی۔
چائے کو برصغیر میں برطانوی حکمرانوں نے متعارف کرایا، اور ہم نے اس کو اپنی مقامی روایتوں میں ڈھال لیا۔ وقت کے ساتھ ساتھ چائے میں دودھ شامل کرنا ہماری ثقافت کا حصہ بن گیا اور آج دودھ پتی کا شمار سب سے زیادہ مقبول چائے کی اقسام میں ہوتا ہے۔
یہ دلچسپ کہانی نہ صرف چائے کی تاریخ کو بیان کرتی ہے بلکہ اس بات کا بھی اشارہ دیتی ہے کہ کس طرح معاشرتی ضرورتوں نے ذائقے اور روایت کو تشکیل دیا۔