وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی شرح تقریباً 70 مہینے بعد کم ترین سطح پر آگئی ہے، مہنگائی میں کمی سےغربت میں کمی ہوگی افغانستان سے اسمگلنگ صفر ہوگئی، فوج کی گرفت کے باعث اسمگلنگ صفر ہوئی ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ مہنگائی کی شرح تقریباً 70 مہینے بعد کم ترین سطح پر آگئی ہے، 2018 میں مہنگائی 3.5 فیصد تھی، اب مہنگائی 4.9 فیصد ہوگئی ہے، مہنگائی میں کمی سے غربت میں کمی ہوگی، مہنگائی کم ہونے سے شرح سود میں کمی کا امکان ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دھرنوں نے پاکستان میں ہیجانی کیفیت پیدا کردی تھی، وفاقی دارالحکومت میں افراتفری کا سماں تھا، پولیس اور رینجرز والے شہید ہوئے، مظاہروں کے باعث اسٹاک مارکیٹ نیچے آگئی، احتجاج ختم ہونے کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں اضافہ ہوگیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی میں کمی کے بعد ہمیں ترقی کی طرف بڑھنا ہے، مہنگائی میں کمی کی وجہ سے مثبت اثرات آئیں گے، اس سال چینی کی برآمد کرنے کا فیصلہ کیا، چینی کی قیمت نہیں بڑھی، افغانستان سے اسمگلنگ صفر ہوگئی، فوج کی گرفت کے باعث اسمگلنگ صفر ہوئی ہے۔
میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی آئی اے پروازوں کی یورپ میں بحالی پر وزیر ہوا بازی خواجہ آصف اور ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، یورپی ایوی ایشن سے پروازوں کی بحالی کا سرٹیفکیٹ مل گیا، قومی ایئر لائن کی نیلامی میں پابندی بھی رکاوٹ تھی۔