اسلام آباد، مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو نوجوانوں کی خاطر مذاکرات کی طرف آنا ہوگا۔
اسلام آباد میں اپنے ایک بیان میں بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے، عمران خان تصدیق شدہ چور ہیں، سابق وزیراعظم نے ملک و قوم کو نقصان پہنچایا۔
بیرسٹر عقیل کا کہنا تھا کہ فسادی ٹولے نے احتجاج کے نام پر سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، شرپسند عناصر کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملے کیے گئے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سیاسی ڈائیلاگ ہی واحد حل ہے، خدارا! پاکستان کے نوجوانوں کی خاطر آپ کو ٹیبل ٹاک پر آنا پڑے گا۔
دوسری جانب رہنما پاکستان مسلم لیگ ن اور سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ خون کے آنسو خیالی لاشوں کے لیے بہائے جا رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر بیان میں سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ کرم کی ان 131 لاشوں کا کہیں کوئی ذکر نہیں جن میں سے ہرایک کا نام ہے، جن میں سے ہر ایک کی نماز جنازہ پڑھی گئی،جن میں سے پر ایک کی میت کو قبر میں اتارا گیا،جن میں سے ہر ایک کے گھر میں صف ماتم بچھی ہے۔