راولپنڈی، سابق وزیراعظم عمران خان کو احتجاج کے 7 مقدمات میں گرفتار کرلیا گیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی 28 ستمبر، 5 اکتوبر اور 24 نومبر کے7 مقدمات میں گرفتاری ڈال دی گئی۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی، عدالت کی جانب سے عمران خان کو تمام مقدمات میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے 7 نئے کیسز میں عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا نہیں کی، جن 7 کیسز میں عمران خان کی گرفتاری ڈالی گئی ان میں بھی انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت اور جیل میں نہ ہونے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ فائنل کال کے بعد آج عمران خان سے ملاقات ہوئی، 26 نومبر کے واقعے کا عمران خان کو علم نہیں تھا۔