واشنگٹن، امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کو نشے کی حالت میں اسلحہ خریدنے کے کیس میں معافی دینے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے نشے کی حالت میں اسلحہ خریدنے، غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے اور ٹیکس فراڈ کے الزام میں مجرم قرار دیے گئے اپنے بیٹے کو صدارتی معافی دیدی۔
ولمنگٹن کی عدالت نے رواں سال جون میں ہنٹر بائیڈن کے خلاف 2018 میں نشے کی حالت میں اسلحہ خریدنے اور اس حوالے سے غلط بیانی کرنے کے تینوں الزامات درست قرار دیے تھے۔
صدر بائیڈن کے بیٹے پر ایک اور الزام ٹیکس فراڈ اور ریٹرن فائل نہ کرنے کے حوالے سے بھی تھا جس میں ہنٹر بائیڈن نے اعتراف جرم بھی کیا تھا۔
ہنٹر بائیڈن پر 9 الزامات تھے اور انہوں نے تمام الزامات میں اعتراف جرم کیا تھا جس پر جج نے انہیں خبردار کیا کہ اس پر انہیں 17 سال قید اور 4 لاکھ 50 ہزار ڈالرز تک جرمانہ بھی ہوسکتا ہے۔
یاد رہے کہ ان کیسز میں حتمی سزا کا اعلان رواں ماہ دسمبر میں ہونا تھا مگر صدر بائیڈن نے اس سے پہلے ہی اپنے بیٹے کو معافی دینے کا اعلان کردیا۔
اس سے پہلے بیٹے کو مجرم قرار دیے جانے پر جو بائیڈن نے ردعمل میں کہا تھا کہ فیصلے کو قبول کرتا ہوں اور عدالتی عمل کا احترام جاری رکھوں گا جب کہ انہوں نے کئی بار اپنے بیٹے کی سزا میں کمی کرنے یا معاف کرنے کے حوالے کہا تھا کہ وہ ایسا نہیں کریں گے۔