آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ خواتین کو اپنی قابلیت ثابت کرنے کی جنگ آج بھی لڑنا پڑتی ہے۔
خاتون اول اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے متحدہ عرب امارات میں ’گلوبل ویمن فورم دبئی‘ کے ایک ایونٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے خواتین کو درپیش مسائل، پاکستان کے سیاسی حالات، اور عالمی معاملات پر بات کی۔
انہوں نے ایک گفتگو میں کہا کہ دنیا بھر میں خود مختار اور تعلیم یافتہ خواتین کو آج بھی یہ ثابت کرنا پڑتا ہے کہ وہ نہ صرف پیشہ ورانہ زندگی میں کامیاب ہیں بلکہ گھر کے امور جیسے کھانا بنانا، صفائی کرنا اور بچوں کی پرورش بھی بخوبی انجام دے سکتی ہیں۔
آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر عمران خان کو جیل میں اپنی زندگی کو خطرہ محسوس ہوتا ہے تو ان کے خدشات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور انہیں تحفظ فراہم کرنا چاہیے۔
انہوں نے افغانستان میں امریکی انخلا اور جنگ کے دوران خواتین کو درپیش مشکلات پر روشنی ڈالی اور پاکستان کے کردار پر بھی بات کی۔
آصفہ نے پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کے عزم اور ریاست کی کوششوں کو سراہا۔
اپنے خاندان کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ان کے نانا، والدہ، اور والد کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔
آصفہ نے نوجوان لڑکیوں کو خود پر اعتماد کرنے، اپنی آواز کو پہچاننے، اور مستقبل کے لیے قیادت کرنے کا مشورہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو آج بھی ہر شعبے میں اپنے مرد ساتھیوں کے مقابلے زیادہ چیلنجز کا سامنا ہے۔