اسلام آباد، سیکیورٹی انتظامات کی مد میں پی ٹی آئی کا 3 روزہ احتجاج قومی خزانے کو 50 کروڑ روپے سے زائد میں پڑا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹینرز کا کرایہ، آنسوگیس کے 35 ہزار شیلز کی خریداری، ربڑ کی گولیوں اور بندوقوں کی خریداری کی مد میں وفاقی پولیس کے 33 کروڑ 28 لاکھ روپے خرچ ہوئے ہیں۔
جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ضلع بھرمیں وفاقی پولیس، پنجاب پولیس، سندھ پولیس اور ایف سی کی مجموعی طور پر 12 ہزار پولیس افسران اور اہلکار23 نومبر سے 26 نومبر تک تعینات رکھے گئے جن کے ناشتہ، دوپہر اور رات کے کھانوں، پولیس کی گاڑیوں میں پٹرول اور ڈیزل سمیت دیگر متفرق اخراجات کی مد میں الگ سے تقریباََ 17 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے ڈی چوک پر احتجاج کے موقع پر ضلع اسلام آباد کے 24 مقامات کو سیل کرنے کیلیے مجموعی طور پر 800 سے زائد کنٹینرز لگائے گئے تھے جن کے کرایہ کی مد میں اسلام آباد پولیس کے 7 کروڑ 28 لاکھ خرچ ہوئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ربڑ کی گولیوں اور 2500 بندوقوں کی مد میں مجموعی طور پر 11 کروڑ روپے کے اخراجات آئے ہیں۔